![]() |
| ملّا محمد عمر |
افغان طالبان نے اپنے امیر ملّا محمد عمر کے انتقال کی خبر منظرعام پر آنے کے ایک روز بعد ملّا اختر محمد منصور کو اپنا نیا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ طالبان کے امیر کی وفات کے بعد مری میں جمعہ کو پاکستان کی میزبانی میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق طالبان تحریک کی شوریٰ کونسل کا بدھ کی رات افغانستان میں اجلاس منعقد ہوا تھا اور اس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملّا اخترمحمد منصور اب تحریک کے نئے سپریم لیڈر ہوں گے۔وہ اس سے قبل تحریک کے نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ملّا اختر اپنے پیش رو کے انتقال کے بعد مبینہ طور پر بیس رکنی شوریٰ کونسل کو چلا رہے تھے۔انھیں طالبان کی سینیر قیادت کی حمایت حاصل ہے۔ان کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ افغان حکومت کے ساتھ امن بات چیت کے حامی ہیں اور انھوں نے ہی حاجی دین محمد کو امن عمل میں حصہ لینے کے لیے نامزد کیا تھا۔تاہم بعض ذرائع کے مطابق شوریٰ کونسل کے تمام ارکان افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں۔

No comments: